Today news

Tuesday, August 30, 2022

دریائے کابل اور دریائے سندھ میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران خطرناک سیلاب کی وارننگ

 Tuesday 30-8-2022

نیشنل ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کی فلڈ فار کاسٹنگ ڈویژن نے اگلے 24 گھنٹے کے دوران نوشہرہ میں دریائے کابل میں ’انتہائی اونچے درجے‘ کے سیلاب کا انتباہ جاری کیا ہے۔

جبکہ دریائے سندھ میں بھی تونسہ کے مقام پر اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ’انتہائی اونچے درجے‘ کے سیلاب کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام وفاقی، صوبائی اور ضلعی حکام کو صورت حال کا جائزہ لینے اور الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔

دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر گذشتہ تین دنوں کے دوران پانی کا بہاو دو لاکھ کیوسک سے کم ہو گیا ہے، تاہم اسے اب بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب قرار دیا جاتا ہے۔

خیبر پختون خوا میں دریاوں میں پانی کی سطح مانیٹر کرنے والے ادارے کے مطابق منگل کی صبح دس بجے کے بعد دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاو دو لاکھ کیوسک سے کم ہونا شروع ہوا۔

خیبر پختون خوا فلڈ وارننگ سیل کے منگل کی شام چار بجے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاو ایک لاکھ 78 ہزار ایک سو کیوسک رہا۔

منگل کی صبح دریائے کابل میں اسی مقام پر پانی کا بہاو دو لاکھ کیوسک سے اوپر ریکارڈ کیا گیا تھا، جو بتدریج کم ہوتے ہوئے دو لاکھ کے ہندسے سے نیچے آ گیا ہے۔

ہفتے اور اتوار کی رات اسی نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل کے پانیوں کا بہاو تین لاکھ کیوسک سے اوپر پہچ گیا تھا، جس کے باعث ضلع نوشہرہ کے کئی علاقوں میں چار فٹ سے زیادہ پانی کھڑا ہے۔

اگرچہ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کا بہاو دو لاکھ کیوسک سے کم ہت، تاہم پختون خوا فلڈ وارننگ سیل اب بھی اسے انتہائی اونچے درجے میں شمار کرتا ہے۔

No comments: