امر یکہ نے اعلان کیا ہے کہ اس کی ایک جائزہ ٹیم جلد اسلام آباد کا
دورہ کرے گی جو یہ دیکھے گی کہ کس طرح محکمۂ دفاع (پینٹاگان) پاکستان میں سیلاب
متاثرین کی امداد میں مصروف امریکی ادارے یو ایس ایڈ کی مزید معاونت کر سکتا ہے۔
جمعے کو امریکی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی ایک اسسمنٹ ٹیم عالمی امداد کی امریکی ایجنسی
یو ایس ایڈ کے ساتھ مل کر پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مزید مدد کے لیے کام کرے
گی۔
امریکی محکمۂ دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے
سربراہ جنرل مائیکل کوریلا نے پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی
فون پر بات کی ہے، جس میں پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار
کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی آرمی چیف سے ملاقات کے دوران امریکی
سینٹ کام کے سربراہ نے پاکستانی عوام کے ساتھ اظہارِ ہمدردی بھی کیا۔
امریکی جریدے 'دی ہل' کی رپورٹ کے مطابق سینٹ کام
کے ترجمان کرنل جو بوچینو نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان آنے والی ٹیم اس سیلاب
کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے مزید امریکی تعاون کے امکانات کا جائزہ لے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکہ نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے
نمٹنے کے لیے تین کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا۔
No comments:
Post a Comment