Today news

Monday, September 19, 2022

سیرت اکیڈمی کو بحال اور متحدہ علماء بورڈ کو فعال کیا جائے گا، پرویز الہیٰ

 

سیاسیات-  وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور معاون خصوصی وزیراعظم حافظ طاہر اشرفی نے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلاب کی موجودہ صورتحال اور متاثرین کی آبادکاری، عرب ممالک کی جانب سے امدادی سرگرمیوں اور متحدہ علماء بورڈ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایم پی اے حافظ عمار یاسر، راسخ الٰہی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی جی ایم سکندر، سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان اور اعلی حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی، مخالفین کی سوچ صرف ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے جبکہ ہم نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف دور میں سیرت اکیڈمی کو تالا لگا کر غیر فعال کرنا افسوسناک ہی نہیں قابل مذمت بھی ہے، یہ قوم کے منصوبے ہیں، جنہیں روک کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، سیرت اکیڈمی کو بحال اور متحدہ علماء بورڈ کو فعال کیا جائے گا، سیرت اکیڈمی میں ایم فل کی کلاسیں شروع کی جائیں گی، مدینہ یونیورسٹی، جامعہ الازہر اور عالم اسلام کی دیگر نمایاں جامعات کے اشتراک سے ایم فل کی کلاسیں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیرت اکیڈمی کو دین کے حوالے سے ہونیوالے فیصلوں کا مرکز بنایا جائے گا، متحدہ علما بورڈ کو فعال کرکے دین کی خدمت کا کام لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق پیدا کرنے کیلئے تمام تر کاوشیں بروئے کار لائیں گے، عرب ممالک اور ان کے اداروں کو پنجاب میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں میں سہولت دیں گے، سیلاب زدگان کی مدد کیلئے شفاف طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ حافظ طاہر اشرفی نے سیلاب متاثرین کیلئے وزیراعلی پرویزالٰہی کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دین کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ متحدہ علماء بورڈ ایکٹ لانے کے حکومتی فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔

No comments: