Today news

Saturday, August 27, 2022

پاکستان: نوشہرہ میں دریائے کابل کا پشتہ ٹوٹنے سے اونچے درجے کا سیلاب، آبادی کی نقل مکانی

Saturday 27-8-2022

نوشہرہدریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر حفاظتی پشتہ ٹوٹنے سے اونچے درجے کا سیلاب آگیا، لوگوں نے ہنگامی طور پر گھر خالی کردیے اور نقل مکانی شروع کردی۔

ضلع چارسدہ کے قریب واقع منڈا ہیڈ ورکس سیلابی پانی کی وجہ سے دو حصوں سے ٹوٹ گیا اور سیلابی ریلہ نوشہرہ اور چارسدہ کے رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ دیہاتوں میں لوگ مکانات کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

کئی علاقوں میں لوگ اپنے مکان خالی کرکے مویشیوں سمیت محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرگئے۔ مردان پل پر لوگوں کا رش لگ گیا اور ان میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے۔

فلاحی اداروں اور ریسکیو1122 کی ٹیموں نے سینکڑوں محصور افراد کو کشتیوں میں محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔ نوشہرہ کلاں کے مقام پر دریا کابل کا حفاظتی پشتہ ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے سیلابی پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔ پشتہ ٹوٹنے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اس وقت خیبر پختون خوا کے تمام دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جس میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صرف خیبر پختون خوا میں سیلاب سے اب تک 226 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، سیلاب سے 1266 جانور ہلاک اور  33 ہزار 236 گھروں اور دیگر عمارتوں کو نقصان پہنچا، صوبے میں سیلابی ریلے میں سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ڈی آئی خان میں ہوا۔

تیمرگرہ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

ادھر دیر لوئر کے علاقے تیمرگرہ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔  دریائے پنجگوڑہ میں سیلاب میں بہنے والے ایک شخص کی لاش بھی مل گئی۔

پاک فوج ڈیرہ اسماعیل خان ، نوشہرہ ، چارسدہ اور سوات میں سیلاب متاثرین کیساتھ ، ہیلی کاپٹر کے زریعے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔

چارسدہ میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی

چارسدہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلے سے چارسدہ کے 18 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں، سیلاب سے منڈہ ہیڈورکس کا درمیانی حصہ پانی بہا کر لے گیا ہے، منڈہ ہیڈورکس میں پانی کے بہاؤ میں کمی آئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق منڈہ ہیڈورکس میں پانی کی بہاؤ کم ہو کہ 88 ہزار کیوسک پر آگئی ہے، دریائے جندی میں پانی کا بہاؤ کم ہوکر 38 ہزار کیوسک تک ہے، آرمی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ سیلابی علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا کہ متاثرین کی امداد کے لیے ضلع بھر میں 17 کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں خوراک سمیت سہولیات میسر ہیں، متاثرین کو ہرممکن سہولت فراہم کریں گے۔

فوج کا نوشہرہ اور چارسدہ میں ریسکیو آپریشن

پاک فوج کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے راشن تقسیم کیا گیا جب کہ  دیگر علاقوں میں راشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ پاک فوج کی جانب سے پہلے مرحلے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کے ذریعے تحصیل پروآ کے مختلف علاقوں جھوک ممدو‘ جھوک گاڈی کے علاوہ کئی دیگر علاقوں میں راشن تقسیم کیا گیا تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء کے لیے تکلیف نہ ہو۔

دریں اثنا کلاچی کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھی پاک فوج کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی تقسیم کا عمل جاری ہے اور کلاچی کے مختلف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے نوشہرہ اور چارسدہ میں ریسکیو آپریشن میں سیلاب متاثرین کی مدد کی۔

 

No comments: