Today news

Tuesday, August 30, 2022

عراق، مقاومتی گروہوں کے ٹھکانوں پر صدری مظاہرین کے حملے

Tuesday 30-8-2022

عراقی ذرائع ابلاغ نے تصاویر شائع کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بعض مقاومتی مراکز فسادی عناصر اور الصدر تحریک کے حامیوں کے حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔ عراق میں مقتدیٰ الصدر کے حامیوں کی جانب سے مسلح تصادم کے بعد مقاومتی مراکز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ نجی نیوز ذرائع نے منگل کی صبح ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ دیالی میں "کتائب امام علی" اور بصرہ و دیوانیہ میں "عصائب اہل الحق" کے ٹھکانوں پر مقتدیٰ الصدر کے حامیوں اور شرپسند عناصر نے حملہ کر دیا۔ عراقی میڈیا نے واقعات کی تصویریں جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عراق کے جنوب میں واقع بابل شہر میں نوری المالکی کے "حزب الدعوہ" کے دفتر کو بھی نذر آتش کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ عراق میں الصدر تحریک کے سربراہ سید مقتدیٰ الصدر سوموار کی دوپہر تمام سیاسی سرگرمیوں سے کنارہ کشی کا اعلان کرچکے ہیں۔ ان کے اس بیان کے بعد بھی الصدریوں نے گرین زون میں سرکاری املاک پر حملہ کیا ہے۔


آخری اطلاعات آنے تک مقتدیٰ الصدر کے حامی گرین زون کی مختلف گلیوں اور سڑکوں پر پھیلے ہوئے ہیں، جن میں سے کچھ مقتدیٰ کی حمایت میں نعرے لگا رہے ہیں اور کچھ سرکاری املاک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عراقی ایلیٹ فورس کے دستے بھی "المعلق" پل پر تعینات ہیں، تاکہ وہ مقتدیٰ الصدر کے دیگر حامیوں کو گرین زون میں داخل ہونے سے روکیں، اس دوران گرین زون کے تمام داخلی راستے بند کر دیئے گئے ہیں اور ایک بڑی تعداد میں سکیورٹی فورسز یہاں پر تعینات کر دی گئی ہیں۔ عراق کی الصدر تحریک نے گذشتہ ایک ماہ سے سیاسی اختلاف کی وجہ سے اپنے حامیوں کو مظاہروں کی کال دی، جس کے بعد الصدر کے حامی پارلیمنٹ پر قبضہ کرکے سیاسی عمل میں تعطل اور نئی حکومت کی تشکیل میں تاخیر کا باعث بنے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، امید ہے کہ مقتدیٰ الصدر کی سیاسی سرگرمیوں سے کنارہ کشی کے بعد اس طرح کے اجتماعات اور ہنگاموں کا خاتمہ ہو جائے گا۔

 

No comments: