Today news

Sunday, August 28, 2022

اسحاق ڈار میرے خلاف آرٹیکل لکھتے ہیں، انکی اور میری معاشی فلاسفی مختلف ہے، مفتاح اسماعیل

Sunday 28-8-2022

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اگر اسحاق ڈار یا کسی اور کو وزیر خزانہ بنانا چاہتے ہیں تو بنا دیں، اسحاق ڈار میرے خلاف آرٹیکل لکھتے ہیں، یہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ میری اور اسحاق ڈار کی معاشی فلاسفی مختلف ہے، اسحاق ڈار باہر گئے تو پارٹی نے مجھے ذمہ داری سونپی، وزیراعظم مجھے جس دن ہٹانا چاہیں ہٹا دیں، میرے لیے خوشی کا باعث ہوگا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پیٹرول، بجلی مہنگی کرنے سے نواز شریف سمیت کوئی سیاستدان خوش نہیں ہوگا، میرا کونسا ایسا فیصلہ ہے، جس کی شہباز شریف ذمہ داری نہیں لیتے، نواز شریف اور شہباز شریف دونوں کی رائے سے وزیر خزانہ بنا ہوں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کو وفاق میں حکومت نہیں ملے تو کیا ملک کو ڈیفالٹ کر دیں گے، حیرت ہوئی کہ آئی ایم ایف میٹنگ سے پہلے آخری ورکنگ ڈے پر خط لکھا، پی ٹی آئی اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ملک کی معیشت داؤ پر لگا رہی ہے، ملک سیلاب کی زد میں ہے، اس وقت سیاست نہیں کرنی چاہیئے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف حکومت پاکستان سے ڈیل کرتا ہے، پیر کے روز آئی ایم ایف کا پروگرام منظور ہو جائے گا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہم اس سال زرمبادلہ ذخائر بڑھائیں گے، قطر سے 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوگا، جب سے شہباز شریف کی حکومت آئی ہے، ہم نے ریکارڈ ریونیو جمع کیا ہے۔

No comments: