Today news

Tuesday, September 20, 2022

پنجاب نے وفاق کو صوبے میں تقرریوں سے روکنے کیلئے مسودہ بنا لیا

 

سیاسیات- پنجاب کی بیوروکریسی کا مسودہ بل وفاق کے اتحاد کیلئے خطرہ، ماہرین کا کہنا ہے کہ کوئی صوبہ آرٹیکل 240 کی حدود نظر انداز کرکے اپنے قونین سے بین الصوبائی معاہدوں کی ساکھ ختم نہیں کرسکتا۔ پنجاب کی بیوروکریسی نے وفاقی حکومت کو چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کی تقرری سے روکنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی سول سروسز بشمول پی اے ایس، پی ایس پی اور دیگر کو صوبے میں خدمات انجام دینے سے روکنے کے لیے ایک مسودہ بل تیار کرکے وسیع پیمانے پر پھیلا دیا۔ اگر قانون سازی کی گئی تو ایسے اقدام سے وفاق کے اتحاد کو شدید نقصان پہنچے گا۔تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ کوئی صوبہ یکطرفہ طور پرآرٹیکل 240کی حدود کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے بنائے گئے قوانین کو مسلط کرکے بین الصوبائی معاہدوں کی ساکھ ختم نہیں کرسکتا۔ پنجاب کی پراونشل مینجمنٹ سروس (پی ایم ایس) ایسوسی ایشن کے ایک اہم رہنما نے دی نیوز کی جانب سے رابطہ کرنے پر تصدیق کی کہ انہوں نے پرائیویٹ ممبر بل کے طور پر صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کے ارادے سے بل کا مسودہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسودہ بل میں جو کچھ تجویز کیا گیا ہے وہ آئینی ہے اور اس سے وفاق اور اس کے اتحاد کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ایک ذریعہ کے مطابق بل کا مسودہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے ایک اہم بیوروکریٹک معاون کے ساتھ بھی شیئر کیا گیا ہے۔

No comments: