Today news

Sunday, October 2, 2022

گھوٹکی سندھ: توہین مذہب کے الزام میں معذور نوجوان کو پانی میں غوطے دے کر قتل کردیا گیا

 

سیاسیات- پاکستان کے صوبے سندھ کے شمالی ضلع گھوٹکی میں پولیس کے مطابق ایک معذور نوجوان کو توہین مذہب کا الزام لگا کر تالاب کے پانی میں غوطے دے دے کر ہلاک کردیا گیا ہے۔

پولیس نے ایک مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس کا کہنا ہے کہ اس نے یہ اقدام مقتول کی جانب سے مذہب کی توہین کے الزام میں کیا ہے۔

یہ واقعہ میرپور ماتھیلو کے گاؤں محمدصدیق کلوڑ میں سنیچر کی صبح پیش آیا ہے، میرپور ماتھیلو تھانے میں دائر مقدمے میں مدعی سرفراز علی نے بتایا ہے کہ ایک ہفتہ قبل ان کے بڑے بھائی عباس کلوڑ نے بتایا تھا کہ ’محمد حسن کلوڑ درگاہ لال شاہ پر اس کے پاس آیا تھا اور کہا تھا کہ تم یہ جو قبروں پر سجدے کرتے ہو برائے مہربانی درگاہ کو چھوڑو ورنہ میں تمہیں مار دوں گا۔‘

انھوں نے مزید بتایا کہ ’سنیچر کی صبح نو بجے ہم درگاہ کے پاس کھڑے تھے کہ ملزم محمد حسن اور ایک نامعلوم شخص آیا ان میں سےحسن کلوڑ کے ہاتھ میں بوتل تھی جس میں پیٹرول تھا اس نے عباس کو مخاطب ہوکر کہا کہ تمہیں کہا تھا نا درگاہ کی مجاوری کرنا چھوڑ دو مگر تم نہ مانے اب تمہیں نہیں چھوڑیں گے۔‘

'ملزم نے میرے بھائی پر پیٹرول چھڑکا اور جو ساتھ میں نامعلوم شخص تھا اس سے آگ لگانے کے لیے ماچس نکالی میرا بھائی خوف سے بھاگا، انھوں نے اس کا پیچھا کیا وہ پانی کے تالاب میں گرگیا، اس کو انھوں نے ہمارے سامنےغوطے دے کر ہلاک کیا، ہم لاش لے کر ہسپتال گئے جہاں پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔‘

مقتول عباس کے بھائی ظہیر نے بتایا کہ ملزم ان کا دور کا رشتے دار ہے اور سکھر میں مدرسے میں پڑھتا ہے۔

پولیس نے مشبہ ملزم حسن کلوڑ کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرکے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے، اپنے بیان میں ملزم اس کو توہین مذہب قرار دے رہا ہے تاہم پولیس تمام عوامل سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

اس کی ایک ویڈیو بھی پولیس کو ملی ہے جس میں نظر آرہا ہے کہ ملزم نے پانی کے جوہڑ میں مقتول کو بالوں سے پکڑا ہوا ہےاس کا پورا جسم ڈوبا ہوا ہے اور اس سے لوگ پوچھ رہے ہیں تم نے ایسا کیوں کیا ہے تو اس نے جواب دیا کہ اس نے مذہب کی توہین کی ہے اس کے پاس گواہ بھی ہیں وہ بھاگے گا نہیں بھلے پولیس آکر اس کو گرفتار کرلے۔

مقتول عباس کلوڑ پیدائشی طور پر دونوں بازوں سے محروم تھا، وہ گذشتہ ایک دہائی سے درگاہ لال پر مجاوری کر رہے تھے۔

وہ مقامی طور پر ہمت اور جہد کی ایک مثال بنے ہوئے تھے، پاکستانی نشریاتی ادارے ان پر رپورٹ بھی بنا چکے ہیں۔

Saturday, October 1, 2022

آپ اپنے دام میں صیاد آ گیا

ہادی محمدی


علم سیاسیات میں کہا جاتا ہے کہ کسی بھی ملک کی خارجہ پالیسی اس کی داخلہ پالیسی کا تسلسل اور عکاس ہوتی ہے۔ یعنی ایک ملک کی خارجہ پالیسی بین الاقوامی تعلقات عامہ میں اس کے سکے کا دوسرا رخ ہوتا ہے اور علاقائی اور عالمی سطح پر رونما ہونے والے بہت سے واقعات اس ملک کے اندر رونما ہونے والے واقعات سے مربوط ہوتے ہیں۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد امریکہ نے عالمی سطح پر اپنا تسلط قائم کرنے اور ورلڈ آرڈر کی چوٹی پر قرار پانے کی کوشش کی۔ سابق سوویت یونین کے زوال کے بعد بائی پولر نظام کا خاتمہ ہو گیا جس کے بعد امریکہ اپنی آرزو کے حصول کیلئے مزید فعال ہو گیا اور اس راستے میں اس نے کسی بھی مجرمانہ پالیسی سے دریغ نہیں کیا۔ امریکہ کا یہ رویہ اور طرز عمل صرف اسلامی ممالک سے ہی مخصوص نہیں تھا۔
 
امریکہ نے دوسری عالمی جنگ اختتام پذیر ہونے کے بعد یورپ کی تعمیر نو کیلئے مارشل پلان پیش کیا اور اس منصوبے کی آڑ میں یورپی ممالک پر بھی اپنا تسلط جمانے کی بھرپور کوشش کی۔ آج بھی جبکہ امریکہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے اور شدید اقتصادی بحرانوں سے روبرو ہے، وہ یوکرین میں جنگ کے شعلے جلا کر دیگر مختلف اہداف حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ یورپ کو اپنا محتاج باقی رکھنے اور اپنی معیشت کی بحالی کیلئے اس کی لوٹ مار کرنے کی کوشش میں بھی مصروف ہے۔ امریکہ مختلف یورپی ممالک میں کئی قسم کے بحران ایجاد کر کے خودمختار یورپ کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے سے روک رہا ہے اور جرمنی کی معیشت پر اپنا زیادہ سے زیادہ کنٹرول جمانے کے درپے ہے۔ امریکہ نے روس، چین اور دنیا کے دیگر ممالک سے متعلق بھی اسی قسم کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔
 
اگر ماضی میں واشنگٹن دنیا پر تسلط ایجاد کرنے کا راستہ سخت طاقت، لشکر کشی اور فوجی جارحیت کی صورت میں دیکھتا تھا تو آج سخت طاقت کی عدم افادیت کا ازالہ نرم طاقت اور کم اخراجات کے ذریعے کرنا چاہتا ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک، حریف ممالک اور مختلف خطوں سے متعلق امریکی کی مستقل حکمت عملی ان ممالک کے اندر دوئیت پیدا کرنے، دیگر ممالک کے ساتھ تضاد ایجاد کر کے تناو پیدا کرنے اور پراکسی جنگیں شروع کرنے پر استوار ہے۔ امریکہ کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا گذشتہ چالیس سالہ تجربہ بھی یہی ثابت کرتا ہے اور امریکہ کی جانب سے کنٹرول اور مرضی سے چلانے کی پالیسی اختیار کرنے کی بہترین مثال ہے۔ ایران میں رونما ہونے والا کوئی ایسا اہم واقعہ نہیں جس میں اس امریکی پالیسی اور اس کے ہتھکنڈوں کا سراغ نہ ملتا ہو۔
 
دوسرے الفاظ میں یوں کہہ سکتے ہیں کہ چونکہ ایران کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کی اکثر پالیسیاں اور ہتھکنڈے ناکامی کا شکار ہو چکے ہیں لہذا انہوں نے اب نیا طریقہ کار اختیار کیا ہے جو ایران میں رونما ہونے والے ہر سماجی، اقتصادی اور سیاسی واقعہ کو کارڈ کے طور پر استعمال کرنے پر مبنی ہے۔ امریکہ نے دیکھا ہے کہ اس کی گذشتہ اسٹریٹیجیز نہ صرف ناکام ہوئی ہیں بلکہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مختلف شعبوں جیسے اقتصادی، سکیورٹی، علاقائی اور حتی بین الاقوامی میں تیزی سے ترقی کی ہے۔ لہذا اب اس نے ایران کے اندر چھوٹے چھوٹے مسائل کو بڑا ایشو ظاہر کرنے کی پالیسی اپنا لی ہے تاکہ یوں وقتی طور پر ہی سہی اپنی تیزی سے کمزور ہوتی پوزیشن کو کچھ حد تک سہارا دے سکے۔ امریکہ آج یمن، عراق، شام، لبنان، فلسطین اور افغانستان میں ایسے حالات سے روبرو ہے جو ان کے اپنے بقول شکست کے مترادف ہے۔
 
عالمی سطح پر امریکہ نے روس اور چین سے ٹکر لے رکھی ہے جس نے بین الاقوامی سطح پر ایران کیلئے سنہری موقع فراہم کر دیا ہے۔ اگرچہ امریکہ سے یہ توقع رکھنا بے جا ہے کہ وہ اپنی تسلط پسندانہ پالیسیاں ترک کر دے گا۔ امریکہ نے قفقاز کے خطے میں بحران سازی کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جبکہ ایران کے اندر بھی بدامنی پھیلانے کی کوشش جاری ہے تاکہ باہر اور اندر سے ایران کو مزید دباو کا شکار کر سکے۔ دوسری طرف افغانستان اور وسطی ایشیا میں امریکہ نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کو دوبارہ بحال کرنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے جبکہ عراق میں مسلسل سیاسی بحران کو برقرار رکھنے کا ارادہ ہے۔ اس دوران امریکہ عراق، شام اور یمن کے خام تیل کے ذخائر کی لوٹ مار میں بھی مصروف ہے۔
 
اہم بات یہ ہے کہ اس تگ و دو میں امریکہ نے نہ صرف اپنی طاقت کا ستیاناس کر دیا ہے بلکہ اپنے اتحادی ممالک اور عالمی تنظیموں کا بھی اصل چہرہ کھول کر سامنے رکھ دیا ہے۔ اگر ماضی میں امریکہ کی مہم جوئی دوسرے ممالک کیلئے نقصان دہ ثابت ہوتی تھی تو آج اس کے اپنے لئے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔ مسلسل ناکامیوں نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو شدید کمزور کر دیا ہے۔ امریکہ اور دیگر مغربی طاقتیں اس وقت ایسے حالات کی جانب گامزن ہیں جو عدم استحکام، غربت، اقتصادی بحران، ہنگامہ آرائی اور انارکی کی صورت میں ظاہر ہوں گے۔ یعنی امریکہ اور اس کے اتحادی آج تک جو کھیل دوسروں کے ساتھ کھیلتے آئے ہیں اب خود اس کا شکار ہونے والے ہیں۔ یہ علم سیاسیات کا وہی اصول ہے کہ ایک ملک کی خارجہ پالیسی اس کی داخلہ پالیسی اور اندرونی حالات سے مربوط ہوتی ہے۔

ایران میں فسادات کی صیہونی سرغنہ

علی امیری

اسرائیل کے عبری زبان میں شائع ہونے والے اخبار معاریو نے اپنی ایک رپورٹ میں اسلامی جمہوریہ ایران میں حالیہ ہنگاموں اور فسادات میں ملوث ایک یہودی سرغنہ کا نام فاش کیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اس کا نام الہام یعقوبیان ہے، جو ایرانی نژاد امریکی شہری ہے اور یہودی ہے۔ الہام یعقوبیان گذشتہ کئی برس سے اسرائیلی جاسوسی ادارے موساد اور امریکی جاسوسی ادارے سی آئی اے کے ساتھ ایران میں موجود دہشت گرد عناصر کے رابطے کیلئے کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کر رہی ہے۔ اس نے بدامنی، تخریب کاری، بلوا اور فساد ایجاد کرنے کی خصوصی ٹریننگ حاصل کر رکھی ہے اور حالیہ ہنگاموں اور فسادات کیلئے کافی عرصے سے ایران میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے رکھی تھیں۔ عبری اخبار معاریو کی رپورٹ میں آیا ہے: "الہام یعقوبیان یہودی الاصل ہے، جس نے امریکہ سے ایران میں خواتین کی تحریک چلا رکھی ہے۔"

کچھ دن قبل جب امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں ایران مخالف مظاہروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شائع ہوئیں تو ان میں الہام یعقوبیان کی تصویر بھی دیکھی گئی تھی۔ اس نے کچھ دن پہلے عبری نئے سال کے بہانے سے اپنے فیس بک اکاونٹ پر ایرانی شہریوں کیلئے پیغام بھیجا اور انہیں ہنگاموں اور فسادات پر اکسایا۔ انہی دنوں اسرائیل کی غاصب صہیونی فورسز مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کرنے میں مصروف تھیں اور بیگناہ فلسطینی جوانوں اور مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کے خلاف تشدد سے پیش آنے کے علاوہ انہیں گرفتار بھی کر رہی تھیں، لیکن الہام یعقوبیان نے اپنے پیغام میں ان کا ذکر تک نہیں کیا۔ اس نے اپنے پیغام میں لکھا: "آج یہودیوں کا نیا سال ہے اور اس دن پہاڑی بکرے کے سینگ سے بنا بگل بجایا جاتا ہے۔ یہ بگل بیدار ہونے کی علامت ہے۔ کاش ایران کے عوام بھی آزادی، امن اور خوشی حاصل کر پائیں۔"

الہام یعقوبیان اپنے ہم خیال افراد کی طرح یہودی قوم کو ایرانی ثقافت کا بانی تصور کرتی ہے۔ اس نے 2010ء میں بعض دیگر ایرانی یہودیوں سے مل کر لاس اینجلس میں ایک تھنک ٹینک تشکیل دیا ہے، جس کا نام "ایرانی یہودیوں کے مطالعہ اور تحقیق کا مرکز" ہے۔ وہ انتہائی جانبدارانہ انداز میں یہودی اقلیت کی تاریخ پر لیکچرز بھی دیتی رہتی ہے۔ غاصب صہیونی رژیم کے میڈیا ذرائع نے کچھ دنوں سے ایران میں انجام پانے والے ہنگاموں اور فسادات کو پہلی سرخی بنا رکھا ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ وہ ایران کے حالات پر بہت قریب سے نظر میں رکھے ہوئے ہیں۔ گذشتہ روز اسرائیلی میڈیا نے بہت واضح انداز میں صہیونی سکیورٹی اداروں کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا ہے اور اس حقیقت کا اعتراف کیا ہے کہ ایران میں جاری ہنگامے برسراقتدار اسلامی نظام کو سرنگون کرنے کی طاقت نہیں رکھتے۔
اسرائیل ٹی وی کے چینل 13 میں فوجی تجزیہ کار آور ہیلر نے اس سوال کے جواب میں کہ آیا اسرائیلی سکیورٹی ادارے ایران کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں؟ کہا: "جی ہاں۔ ایران سے موصول ہونے والی تصاویر سے اس ہمیشگی آرزو کو تقویت ملتی ہے کہ ایران اندر سے ختم ہو جائے گا۔ یہ آرزو 1979ء میں (امام) خمینی کی قیادت میں انقلاب سے پائی جاتی ہے۔ لیکن اسرائیلی سکیورٹی عہدیداروں سے بات چیت کرنے کے بعد یہ کہہ سکتا ہوں کہ وہ اس بارے میں زیادہ امیدوار نہیں ہیں کہ موجودہ مظاہرے ایران میں تبدیلی لا سکیں گے۔" صہیونی ذرائع ابلاغ واضح طور پر اس حقیقت کا اعتراف کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ ایران حالیہ ہنگاموں اور فسادات پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے اور ہنگاموں کی شدت میں واضح طور پر
کمی آئی ہے۔ لہذا امریکی کوششیں بے سود ثابت ہوئی ہیں۔

مختلف ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی جاسوسی ادارے موساد اور امریکی جاسوسی ادارے سی آئی اے نے 2006ء میں الہام یعقوبیان کو مشرق وسطیٰ خطے میں کچھ اہم ذمہ داریاں سونپی تھیں۔ الہام یعقوبیان کو فارسی، انگلش اور عبری پر مکمل عبور حاصل ہے، جس کی وجہ سے اسے ایران میں جاسوسی کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ اسی طرح اسے امریکی نیوی سے وابستہ نیشنل گارڈز میں مشرق وسطیٰ خطے کی کوآرڈینیٹر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ الہام یعقوبیان کو جاسوسی اور تخریب کاری کی ٹریننگ کے ساتھ ساتھ لاس اینجلس کی کیلی فورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی میں پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کیلئے اسکالرشپ بھی فراہم کیا گیا تھا۔ مختلف رپورٹس کے مطابق الہام یعقوبیان کو دہشت گردانہ نیٹورکس تشکیل دینے میں خاص مہارت حاصل ہے۔

الہام یعقوبیان 1972ء میں تہران میں ایک یہودی گھرانے میں پیدا ہوئی تھی۔ اس نے ابتدائی تعلیم اتفاق نامی ایرانی یہودی اسکول میں حاصل کی اور انٹرمیڈیٹ ڈگری حاصل کرنے کے بعد آزاد یونیورسٹی میں داخلہ لیا۔ اس نے 1994ء میں انگلش ٹرانسلیٹر کے شعبے میں بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔ الہام یعقوبیان نے 2000ء میں ایک مصنف اور انسانی حقوق کی سرگرم رکن کے طور پر امریکہ کی شہریت اختیار کر لی۔ شروع میں اس نے لاس اینجلس میں امریکی یہودیوں کی فیڈریشن میں رکنیت اختیار کی اور تارکین وطن کی گائیڈنس کا کام شروع کیا۔ اس کے بعد دھیرے دھیرے اس کی سرگرمیاں بڑھتی چلی گئیں اور آخرکار 2010ء میں ایرانی یہودی تارکین وطن کی مدد سے ایک تھنک ٹینک تشکیل دیا۔

اربعین واک۔۔۔ چند ذمہ داریاں اور ایک ہدیہ

نذر حافی

حضرت امام حسینؑ ایک منفرد شخصیّت ہیں۔ جہانِ اسلام میں آپ کے اربعین یا چہلم کو ہی لیجئے۔ دنیا کا کوئی بھی پروگرام، ایونٹ یا تہوار کسی بھی پہلو سے آپ کے چہلم کی برابری نہیں کرسکتا۔ ایک تو تاریخی اعتبار سے یہ چہلم واقعہ کربلا جتنی ہی عمر رکھتا ہے اور دوسرے انتظامات کے حوالے سے یہ کسی حکومت، تنظیم یا ادارے کا مرہونِ منّت نہیں۔ تاریخ کے چودہ سو سالہ جبر کا سینہ چیرتے ہوئے یہ چہلم آج ایک پُرشکوہ دینی تہوار میں بدل چکا ہے۔ یکم صفر المظفر سے ہی عراق میں دسترخوان بچھنا شروع ہو جاتے ہیں۔ پھر جیسے جیسے بیس صفر کی تاریخ نزدیک آنے لگتی ہے تو عراق کا سماں ہی ناقابلِ بیان ہوتا ہے۔ چودہ صفر المظفر سے تو پوری شدّ و مد کے ساتھ عراقی لوگ بطورِ میزبان اپنے گھروں کے دروازے کھول دیتے ہیں۔ یوں عراق کا ہر گھر میزبانی کیلئے تیار ہی نہیں بے قرار بھی ہوتا ہے۔
سڑکوں کے دونوں طرف حضرت امام حسینؑ کا لنگر تقسیم ہو رہا ہوتا ہے۔ پاکستانی چائے سے لے کر دنیا کی لذیذ ترین غذائیں وافر مقدار میں موجود ہوتی ہیں۔ جیسے ہی آپ تھک جائیں تو دائیں یا بائیں دیکھیں، عراقی جوان آپ کے پاوں دبانے کیلئے دست بستہ کھڑے نظر آئیں گے۔ آپ کو سردرد ہے، بدن میں تکلیف ہے، شوگر کا ٹیسٹ کروانا ہے یا پھر کسی بھی وجہ سے طبیعت خراب ہے تو قدم قدم پر بہترین ڈاکٹر آپ کے معالجے کیلئے موجود ہیں۔ آپ کو نیند آرہی ہے تو اپنے آگے یا پیچھے چلتے ہوئے کسی بھی عراقی سے کہیں، اُسے اشارے سے ہی سمجھا دیں، پھر آپ کو کہیں جانے کی ضرورت نہیں، وہ آپ کو وہیں کسی نزدیکی گھر میں لے جائے گا۔ صرف گھر نہیں، بہترین اور گرم غذا، چائے و  قہوہ، شربت و شیرینی، انٹرنیٹ یہانتک کہ عراقی  ضِد کرکے آپ کے کپڑے بھی خود دھوئیں گے اور استری بھی کرکے دیں گے۔
آپ کی تھکاوٹ اتر جائے تو آپ کو پریشانی کی ضرورت نہیں۔ صاحبِ خانہ چاہے اپنی گاڑی لائے یا کرائے پر منگوائے، وہ آپ کو آپ کے قافلے یا مطلوبہ مقام تک چھوڑ کر آئے گا۔ یہ ایک ایسا سفر ہے کہ جہاں لاکھوں و کروڑوں مہمانوں کی شایانِ شان طریقے سے میزبانی کی جاتی ہے۔ دنیا میں کہیں بھی اتنے بڑے پیمانے پر اتنے خلوص کے ساتھ میزبانی کی ایسی مثال مِلنا ناممکن ہے۔ یہ عظیم الشّان میزبانی زُبانِ حال سے یہ پیغام دے رہی ہوتی ہے کہ ان مہمانوں کا حقیقی میزبان زندہ ہے۔ عراق میں بچھا ہوا یہ وسیع و عریض دسترخوان جہاں ایک معجزہ ہے، وہیں اسلامی تہذیب و تمدّن اور ثقافتی ورثے کا لاجواب شہکار بھی ہے۔
اربعینِ حسینی ؑ کے موقع پر ساری دنیا کربلا کی طرف ہجرت کر رہی ہوتی ہے۔ لوگ اپنے گھربار، نوکریاں، تجارت اور مصروفیات چھوڑ کر کربلا روانہ ہو جاتے ہیں۔ یہ مادی دنیا سے معنویّت اور روحانیّت کی طرف سب سے بڑی اور مسلسل ہجرت ہے۔ کوئی کالے و گورے، ذات پات، برادری و نسل، فرقے اور مسلک کا فرق نہیں۔ نجف سے کربلا تک انسانوں کا سمندر ٹھاٹھیں مارتا ہے۔ سب قدم ایک ہی طرف اور سارے دل ایک ہی سمت رواں ہوتے ہیں۔ زبانوں پر ایک ہی ذکر ہوتا ہے "سلام یا حسین ؑ " اور دلوں میں ایک ہی تسبیح ہوتی ہے کہ خدایا تیرا شکر کہ تو نے ہمیں مادیات سے معنویات کی طرف اس ہجرت میں شامل ہونے کی سعادت عطا کی۔
اربعین واک میں شمولیت جہاں ایک بہت بڑی سعادت ہے، وہیں یہ ہماری گردنوں پر کچھ ذمہ داریاں بھی عائد کرتی ہے۔ ان ذمہ داریوں میں سے چند ایک کا ذکر ہم کئے دیتے ہیں:
1
1۔ اربعین واک کی معنویّت کو اوّل وقت نماز، نوحہ خوانی و عزاداری، زیارت اربعین، زیارت عاشورہ، حُزن و ملال۔۔۔ کے ساتھ محفوظ رکھا جائے۔ واک کے دوران بھکاریوں اور نوسربازوں پر خصوصی نگاہ رکھی جائے اور انہیں متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جائے۔
2۔ واک یا مشی کے دوران کوڑے کرکٹ اور کچرے کو خسدان میں پھینکا جائے۔ جہاں پر بھی ٹھہریں یا آرام کریں تو کچھ وقت وہاں کی صفائی و ستھرائی کیلئے بھی وقف کریں۔
3۔ زائرین کو سہولیات فراہم کرنے میں اپنا انفرادی حصّہ بھی ضرور ڈالیں، مثلاً کسی کا بیگ اٹھا لیا یا کسی کو وائی فائی دے دیا، کسی کو نزدیکی امامزادے، مسجد، موکب یا استراحتی مقام کا پتہ بتا دیا۔ اسی طرح ہر آدمی اپنے شعبے یا پروفیشن کے اعتبار سے کسی زائر کی جو مدد یا رہنمائی اپنے طور پر کر سکتا ہے، وہ ذہنی طور پر اُس کیلئے آمادہ ہو۔
4۔ تکراری خدمات سے اجتناب ضروری ہے۔ جو لوگ رضاکارانہ طور پر کیمپ لگاتے ہیں، وہ ایسے کاموں کا انتخاب کریں، جو تکراری نہ ہوں۔ مثلاً بریانی، قہوہ اور دوائیاں وغیرہ تو وہاں دستیاب ہوتی ہیں، لیکن اس مرتبہ اردو زبان کے زائرین کیلئے تلاشِ گمشدگان ایک بڑا مسئلہ تھا۔ ایسے مواقع پر لوگوں کو حوصلہ دینا، اُن کے عزیزوں کو تلاش کرنے میں ان کی مدد کرنا اور تلاشِ گمشدگان کے ادارے میں ان کا اندراج کرانا یہ سب امور انجام دینے کیلئے کسی اچھی ٹیم کی ضرورت تھی۔
5۔ ان لاکھوں و کروڑوں انسانوں میں ہر طرح اور ہر زبان کے لوگ موجود ہوتے ہیں۔ مبلغین کو یہ موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیئے اور اربعین واک کے حوالے سے بہترین تبلیغی منصوبہ بندی بھی کی جانی چاہیئے۔
6۔ یہ دنیا کا عظیم الشّان انسانی اجتماع ہے۔ اس اجتماع کے ذریعے باآسانی رائے عامہ کو متاثر کیا جا سکتا ہے۔ آئندہ چند سالوں میں اس حوالے سے اس اجتماع کی اہمیّت مزید بڑھ جائے گی۔ چنانچہ ہمیں اس عظیم الشّان انسانی اجتماع کی وساطت سے دنیا کو کیا پیغام دینا ہے، اس حوالے سے بھی غوروخوض کی ضرورت ہے۔
7۔ سب سے اہم بات جو ہمارے پیشِ نظر رہنی چاہیئے، وہ یہ ہے کہ اس عظیم الشّان دینی اجتماع کو منافع پرست حضرات اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال نہ کریں۔ اس کی ایک واضح مثال یہ دیتا چلوں کہ حکومتِ ایران نے اس مرتبہ ٹرانسپورٹرز کی مانیٹرنگ کا سخت بندوبست کیا تھا۔ بعض مقامات پر راستے میں متعلقہ ادارے کے لوگ گاڑیاں روک کر سواریوں سے پوچھتے تھے کہ کسی زائر سے زیادہ کرایہ تو نہیں لیا گیا۔ یہ تصویر کا ایک رُخ ہے جبکہ تصویر کا دوسرا رُخ یہ ہے کہ کچھ پاکستانی حضرات ہی ان ایرانی ٹرانسپورٹرز کیلئے ایجنٹ بنے ہوئے تھے۔ سواریوں سے ڈبل و ٹرپل کرایہ وصول کیا جاتا تھا اور راستے میں ڈرائیور لوگوں کو کہہ دیتا تھا کہ اگر سرکاری اہلکاروں کو یہ بتایا کہ ہم نے کرایہ زیادہ لیا ہے تو پھرادھر ہی آپ کو اتار دیں گے۔ زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے اُنہیں لوٹنا اور پھر اس لوٹ مار پر خواص کا خاموش رہنا یہ انتہائی افسوسناک امر ہے۔
پاکستان کے جو لوگ ایسے دھندوں میں  ملوث ہیں، انہیں متوجہ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ اس سے پہلے بھی چند لوگوں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے عراق میں جا کر غیر قانونی طور پر رہنا اور کام کرنا شروع کر دیا، جس کی وجہ سے سینکڑوں پاکستانی زائرین کو اس مرتبہ زیارت سے محروم ہونا پڑا۔ اسی طرح اب جو پاکستانی ایران میں ٹرانسپورٹرز کو ڈبل ٹرپل کرایہ لینے کا راستہ دکھا رہے ہیں، یہ مستقبل میں زائرین کیلئے مزید مسائل پیدا کریں گے۔ ایسے چند مفاد پرست عناصر کی وجہ سے اسلامی جمہوریہ ایران کی بھی بدنامی ہوتی ہے۔ عام لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ایران حکومت زائرین کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ کرائے مہنگے کروا رہی ہے۔ اربعین کی حُرمت اور ایران میں اسلامی انقلاب اور اسلامی حکومت کے تقدّس کو ملحوظِ خاطر رکھنا ہم سب کی شرعی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔
آخر میں یہ عرض کرتے چلیں کہ ہر مسافر جب واپس اپنے گھر پلٹتا ہے تو اپنے ہمراہ کوئی ہدیہ بھی لے کر آتا ہے۔ اربعین واک سے پلٹنے والے زائرین بھی کوئی نہ کوئی ہدیہ اپنے چاہنے والوں کیلئے ضرور لے کر جائیں گے۔ تاہم ہدیے کے حوالے سے ہمارا بھی ایک مشورہ ہے۔ مشورہ یہ ہے کہ اربعین واک کے موقع پر ہم نے انسانی ہمدردی، ایثار، خلوص، امدادِ باہمی، مہمان نوازی، شفقت، بھائی چارے اور احساسِ ذمہ داری کے جو مظاہر دیکھے ہیں، اُنہیں اپنے ساتھ، اپنے دِل میں اتار کر اپنے وطن میں واپس لائیں۔ کربلا سے واپسی پر اپنے ہم وطنوں کیلئے ہماری طرف سے اربعین واک کا ہدیہ یہی ہونا چاہیئے کہ ہم نے مادیّات سے معنویات کی طرف جو ہجرت کی ہے، اُس کے آثار ہمارے افعال و کردار سے ظاہر ہوں۔

مسٹر ایکس اور مسٹر وائی

سلیم صافی

عمران نیازی کو سیاست میں اگرچہ گولڈ اسمتھ نے لانچ کیا لیکن پاکستان میں یہ بات صرف دو تین لوگوں کو معلوم تھی ۔

پاکستانیوں کی نظر میں وہ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان، شوکت خانم اسپتال بنانے والے فلاحی ورکر اور ایک سیدھا سادے انسان تھے۔وہ ذاتی طور پر 1997اور 2002 کے انتخابات کے دنوں میں اس سے کہیں زیادہ پاپولر تھے جتنے ان دنوں ہیں۔

تب ان کے ساتھ اے ٹی ایم آملے تھے، بدترین حکمرانی کی مثال قائم کی اور لوگوں کا یہ خیال نہ تھا کہ وقت آنے پر وہ فرح گوگی، خاور مانیکا، بزدار، محمود خان، پرویز الٰہی، خسرو بختیار، شہزاد مرزا ، زلفی بخاری اور شہباز گل جیسے لوگوں کے ذریعے وہ حکومت چلائیں گے ۔

 اب وہ پاپولر ہونے کے ساتھ ساتھ آئین شکن (جسٹس عطا بندیال کی قیادت میں عدم اعتماد کا فیصلہ کرنے والے پانچ رکنی بنچ کے مطابق)، چندہ چور (الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق) اور ذاتی، سیاسی اور مالی تنازعات کے شکار بھی ہیں لیکن تب وہ صرف پاپولر تھے اور ان کی ذات کے ساتھ کوئی تنازعہ جڑا نہیں تھا۔

 لیکن اس کے باوجود ان دونوں انتخابات میں وہ چند سیٹیں بھی حاصل نہ کرسکے۔ 2002کے انتخابات سے قبل عمران خان نے جنرل پرویز مشرف کے بوٹ خوب پالش کئے ۔ ان کی وار آن ٹیرر میں شمولیت کو سپورٹ کیا۔

ہر روز جمائما کو ساتھ لے کر جنرل پرویز مشرف کے ساتھ ملاقات کے لئے پہنچ جاتے تھے ۔خوشامد کی خاطر نہ صرف ان کے مارشل لا کو خوش آمدید کہا بلکہ ریفرنڈم میں ان کے لئے ووٹ بھی مانگے ۔ تب بھی وہ پرویز مشرف اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل سے یہی التجائیں کرتے رہے کہ انہیں چند درجن الیکٹ یبل عنایت کئے جائیں تو وہ وزیراعظم بن سکتے ہیں لیکن اس وقت اقتدار کا ہما ان کی جگہ مسلم لیگ(ق) کے سربٹھانے کا فیصلہ ہوا اور یہی وجہ ہے کہ وہ گجرات کے چوہدریوں کے نمبرون دشمن بن گئے ۔

 چوہدریوں کی نفرت میں انہوں نے وزارت عظمیٰ کے لئے اپنا ایک ووٹ بھی ظفراللہ جمالی کی بجائے مولانا فضل الرحمان کو دیا اور پھر میاں نواز شریف کی لندن میں بلائی گئی اے پی سی میں شرکت بھی کی۔ جب پرویز مشرف صدر بن کر سیاسی آرمی چیف بن گئے تو عمران خان نیازی ان کے خلاف بھی بولنے لگے تاہم گولڈ اسمتھ کی نصیحت اور اپنی بصیرت کے مطابق انہوں نے امریکی نیوکانز اور پاکستان کی ڈیپ اسٹیٹ کے ساتھ معاملات ٹھیک رکھے۔

افغانستان اور ڈرون وغیرہ سے متعلق وہ ڈیپ اسٹیٹ ہی کی پالیسی پر چلتے رہے۔ ان کی قسمت اس وقت جاگ اٹھی جب مسلم لیگ(ن) سے جھگڑے کے بعد آصف علی زرداری کے ساتھ بھی اسٹیبلشمنٹ کی لڑائی ہوگئی۔

 یوں 2010 سے عمران خان کو ایک تھرڈ فورس اور ایک نئے سیاسی مہرے کے طور پر کھڑا کرنے کا فیصلہ ہوا چنانچہ مسٹر ایکس اور مسٹر وائی ان کو مسیحا ثابت کرنے میں لگ گئے۔ ان کے حق میں مسٹر ایکس اور مسٹر وائی نے میڈیا چینلز اور اپنے زیر اثر اینکرز کو ڈیوٹیاں دیں۔ ان کے فرینڈلی انٹرویوز ہونے لگے۔

مسٹر ایکس اور مسٹر وائی نے ہی ان کی پارٹی میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اسد عمر، شفقت محمود، اعظم سواتی اور اسی نوع کے لوگوں کو شامل کروایا حالانکہ 2002 میں شاہ محمود قریشی نے مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کو یہ کہہ کر معذرت کی تھی کہ میرا قد عمران خان سے کئی گنا بڑا ہے۔

 مسٹر ایکس اور مسٹر وائی نے بڑی بڑی کاروباری شخصیات کو عمران خان کا اے ٹی ایم بنوایا۔ مسٹر ایکس اور مسٹر وائی نے 2013 کے انتخابات میں ہی ان کو وزیراعظم بنوانے کی ٹھان لی تھی لیکن الیکشن سے کچھ عرصہ قبل مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کے ذریعے کچھ ایسی یقین دہانیاں کروائیں کہ جنرل کیانی نے فوج اور ایجنسیوں کو الیکشن کے عمل سے الگ کیا۔

 وزیراعظم تو میاں نواز شریف بن گئے لیکن مسٹر ایکس اور وائی نے ہی لندن پلان کے تحت ان کے ساتھ کینیڈین شہری طاہرالقادری اور گجرات کے چوہدریوں کو ملا دیا۔ مسٹر ایکس اور وائی نے ہی ان سے دھرنے کروائے ۔ یہ مسٹر ایکس اور وائی ہی تھے جنہوں نے تحفظ دے کر سول نافرمانی اور پی ٹی وی پر حملے جیسے جرائم کے باوجود انہیں تحفظ فراہم کیا۔

 مسٹر ایکس اور وائی نے ہی ان کاراستہ ہموار کرنے کے لئے نیب کو استعمال کرکے عمران کے مخالفین کو ڈرایا دھمکایا اور انہیں بی آر ٹی ، مالم جبہ اور سیتا وائٹ جیسے کیسز میں سزا سے بچایا۔

مسٹر ایکس اور وائی نے ہی ان کا راستہ صاف کرنے کے لئے نواز شریف کو نااہل کرنے کے بعد بیٹی سمیت جیل میں ڈلوایا۔ مسٹر ایکس اور مسٹر وائی نے ہی ڈان لیکس جیسے بے بنیاد اسکینڈل بنائے ۔مسٹر ایکس اور وائی ہی عمران خان کے سیاسی اور صحافتی مخالفین کو نامعلوم نمبروں سے فون کرکے ڈراتے رہے ۔

 مسٹر ایکس اور وائی نےاس پر بھی بس نہیں کیا بلکہ انتخابات سے قبل چیف الیکشن کمشنر سردار رضا اور سیکرٹری بابر یعقوب کے ذریعے آر ٹی ایس کو فیل کرنے کا پروگرام بنایا اور جب الیکشن سے چند روز قبل اسی مسٹر ایکس اور وائی نے آر ٹی ایس سسٹم کے ذریعے انہیں جتوانے کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی تو وہ خوشی سے اچھلے اور اس کا کوڈ بھی زبانی یاد کیا۔

اسی مسٹر ایکس اور مسٹر وائی نے ان کے سوشل میڈیا ٹرولز کو شہہ اور ٹریننگ دی اور اپنے یوٹیوبرز بطور تحفہ انہیں عطیہ کیے۔ پھر جب مسٹر ایکس اور وائی نے سروے کے نتیجے میں اندازہ لگایا کہ عمران خان اس کے باوجود وزیراعظم نہیں بن سکتے تو پولنگ ایجنٹوں کو نکالنے کا منصوبہ بنایا گیا۔

اسی مسٹر ایکس اور مسٹر وائی نے پولنگ ایجنٹوں کو نکال کر خود عمران خان نیازی کے امیدواروں کے حق میں ٹھپے لگوائے جس کی وجہ سے علی زیدی اور قاسم سوری جیسے وہ لوگ بھی ایم این ایز بن گئے جو یونین کونسل کے ممبر بھی نہیں بن سکتے تھے ۔

اسی مسٹر ایکس اور وائی نے کراچی میں ایم کیوایم اور پی یس پی کی سیٹیں پی ٹی آئی کو دلوادیں ۔ ان بے چاروں نے اس دھاندلی کی فریاد بھی کی لیکن پھراسی مسٹر ایکس اورمسٹر وائی نے ایم کیو ایم کو جبراََ عمران خان کی حمایت پر بھی مجبور کیا۔۔دھاندلی اور دھونس سے بننے والی اسی حکومت کے بارے میں اسی مسٹر ایکس اور وائی نے میڈیا کو دباکر مجبور کیا کہ وہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی اور الیکشن کمیشن کی واردات کا ذکر نہیں کرے گا۔

اسی مسٹر ایکس اور وائی نے زرداری کو اسمبلی میں بیٹھنے پر مجبور کرکے عمران خان کے سسٹم کو چلایا ۔ انہیں اعتماد کا ووٹ دلوایا۔ خود عمران خان کے بقول اسمبلی سے قانون سازی کے وقت بھی مسٹر ایکس اور مسٹر وائی لوگوں کو کالیں کرکے ان کا کام آسان بناتے رہے ۔

 جب یوسف رضا گیلانی سینیٹر بنے اور عملاً تیس کے قریب پی ٹی آئی کے ممبران باغی ہوگئے تو اسی مسٹر ایکس اور مسٹر وائی نے کچھ ایم این ایز کو کمروں میں، کچھ کو کنٹینروں اور کچھ کو واش رومز میں بند کیا اور صبح ڈنڈے کے زور پر ان سے عمران خان کے حق میں ووٹ ڈلوایا ۔

علی ہذا القیاس ۔آج وہ عمران خان احسان فراموشی کی انتہا کرتے ہوئے اسی مسٹر ایکس اور مسٹر وائی کو دھمکیاں دے رہیں ۔ دیکھتے ہیں کہ خالق کیا کرتا ہے اور مخلوق کا کیا انجام ہوتا ہے؟

آڈیو لیک کا دھماکہ

رؤف حسن

وزیراعظم کے دفتر میں ہونے والی گفتگو، جس میں کابینہ کے اراکین اور سینئر سرکاری افسران شریک تھے ، کے کثیر تعداد میں آڈیو لیک سامنے آئے ہیں۔ اوپن سورس انٹیلی جنس انسائیڈر (@OSINT_Insider) کے مطابق لیک ہونے والے آڈیو ایک سو فائلوں پر مشتمل اس گفتگو کا حصہ ہیں جس کا دورانیہ 140 گھنٹے اور سائز آٹھ جی بی ہے۔ مبینہ ہیکر تمام ریکارڈنگ کو ختم کرنے کیلئے 3.45 ملین ڈالر کا مطالبہ کررہا ہے۔

یہ ریکارڈنگز بیس اگست سے برائے فروخت ہیں۔ اوپن سورس انٹیلی جنس انسائیڈر کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ یہ گفتگو ٹیلی فون سے حاصل نہیں کی گئی بلکہ وزیراعظم کے دفتر میں براہ راست ریکارڈ ہوئی ہے۔ ان میں سے کچھ ریکارڈنگ کو سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا جہاں عام آدمی اسے سن سکتے ہیں۔ ہیکر کا مزید دعویٰ ہے کہ ملک کے حساس اداروں کے سربراہان کی گفتگو کی ریکارڈنگ بھی دستیاب ہے۔

اس واقعے نے وزیراعظم کے دفتر کی سکیورٹی کی بابت تشویش بڑھا دی ہے۔ نیز انٹیلی جنس اداروں کا کردار (یا عدم موجودگی) بھی کم تشویش ناک نہیں۔ اس سارے معاملے کی تحقیقات ازحد ضروری ہیں۔ یہ ریکارڈنگ ایک طرح سے نعمت غیرمترقبہ بھی ثابت ہوئی ۔ اس کی وجہ سے مجرموں کے اس ٹولے کو اقتدار پر مسلط کرنے والے ہاتھوں کی سازش بھی بے نقاب ہوگئی۔

افشا ہونے والی گفتگو کے کچھ موضوعات اسحاق ڈار کی ملک میں بطور وزیر خزانہ واپسی، اس کا طریقہ کار اور وجہ، سگریٹ سازی کی صنعت کو مراعات دینا جس کی وجہ کابینہ کی ایک وزیر کے شوہر کے مفادات ہیں، انڈیا سے صنعتی مشینری کی درآمد اور اس کے لیے مریم نواز کا اصرار کیوں کہ یہ ان کے داماد کی فیکٹری کے لیے چاہیے، تیل کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کھلا تضاد، تحریک انصاف کے غریب افراد کے علاج کے لیے جاری کیے گئے صحت کارڈ کی بندش، میڈیا مینجمنٹ اورتحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کو قبول کرنے کی سازش اور اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کا کردار۔

مجموعی طور پراب تک جو ٹیپس منظر عام پر آئی ہیں ان سے ملک میں مختلف جماعتوں، خاص طور پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چلائی جانے والی بدترین سیاسی مہم کا پتہ چلتا ہے۔ اس جماعت نے ہمیشہ سیاست کے نام پر اخلاقی، مادی یا مالی ترغیبات دیتے ہوئے انسانی ضمیر کی تجارت کی ہے۔ سیاست میں ان کے داخلے کا بنیادی مقصد خاندانی بادشاہت کو توانا کرنا تھا جو ملک کو اپنے تابع کرکے ہمیشہ کے لیے حکومت کرتا رہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیاسی میدان میں روایتی طور پر غالب کھلاڑیوں نے بے دردی سے ایک ایسا نظام تیار کیا جو ان کے ذاتی مفادات سے مطابقت رکھتا ہو۔ ان کی اولاد کے سیاسی میدان میں قدم رکھنے سے اس ظالمانہ نظام کی زیادتیاں اوربڑھ گئی ہیں۔

کسی بھی مہذب جمہوریت میں یہ ٹیپ حکومت کے استعفیٰ دینے کے لیے کافی وجہ ہوتی ۔حکمران اتحاد میں سے کوئی اور حکومت بناتا یا عام انتخابات کا انعقاد ہوتا اورنئی حکومت کے لیے عوام سے تازہ مینڈیٹ لیا جاتا ۔لیکن ظاہر ہے کہ ان میں سے کسی بھی جمہوری آپشن پر عمل نہیں کیا جائے گا۔

اس کے بجائے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔متعدد مکروہ ہتھکنڈوں کا سہارا لے کر معاملے کی سنگینی کو کم کرنے کی کوشش ہوگی جو کحکم کے مطابق نتیجہ سنا دے گی۔ اس کاالزام وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کے ارکان کے علاوہ باقی سب پر عائد کیا جائے گا۔

یہ شرمناک واقعہ ہمیں اصل سوال کی طرف واپس لے جاتا ہے جو پچھلے ہفتوں میں لاکھوں مرتبہ اٹھایا گیا : وہ کون سی ناگہانی افتاد یا شدید ضرورت تھی جس کی وجہ سے عمران خان کی حکومت کو ہٹا کر اس ٹولے کو ملک پر مسلط کردیا گیا؟

فرض کرلیں اگر خان کو اسلئے جانا تھا کہ ان کی جنگ اسلئے تھی کہ پاکستان آزادی سے ایسی پالیسیاں بنائے جو اس کے مفادسے مطابقت رکھتی ہوں، اور یہ چیز ناقابل قبول تھی تو کیا قومی سیاسی دائرے میں کوئی ایسا مہذب آدمی نہیں بچا تھا جو قابل اعتبار ہو؟ وہ ٹولہ جسے اپنے مبینہ جرائم کا فیصلہ خود کرنے کا موقع مل گیا، اور جس نے نیب قوانین میں ہی ترمیم کر ڈالی جن کی رو سے وہ مبینہ مجرم قرار پائے تھے۔

اس مذموم منصوبے کی تکمیل کا جشن منانے کے پہلے قدم کے طور پرمفرور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، جنھیں اس وقت کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے سرکاری طیارے میں ملک سے فرار ہونے میں مدد دی تھی، بطور سینٹر اور وزیرخزانہ حلف اٹھانے کیلئے واپس آ گئے ہیں۔ کیا کبھی کسی جمہوری سیاست میں ایسا ظلم دیکھا گیا جہاں ایک مبینہ مجرم وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھا کر نظام کو یرغمال بنائے تاکہ اس کے تمام ساتھیوں کے گناہ دھل جائیں؟

 اس وقت پاکستان میں یہی کچھ ہورہا ہے ، جب کہ مقتدرہ میں کسی کی پیشانی تک شکن آلود نہیں ہے۔

کیااب اس ملک میں جرم کرنا ہی واحد محفوظ چیز ہے۔ جو مرضی کر گزریں، کسی بھی الزام سے بچ نکلنے میں آپ کی مدد کی جائے گی، بلکہ ایک بار پھر اقتدار کی راہداریوں میں آپ کا راستہ ہموار کیا جائے گا تاکہ آپ اطاعت گزاری کے ساتھ یہاں لا بٹھانے والوں کی خدمات سرانجام دے سکیں۔ شکریہ اس نظام کا!

اسرائیل کی مہارتِ ستم گری

وسعت اللہ خان

وہ جو کہتے ہیں کہ اگر آپ بدترین کام پر بھی کمر بستہ ہیں تو اس کے لیے بہترین جواز تلاش کرنا کوئی مشکل نہیں۔بھلے یہ کام کسی خاص طبقے کو اس کے عقیدے ، علاقے، رنگ نسل یا سوچ کے سبب شناخت سے محروم کرنے، اس کا محاصرہ کرنے یا صفحہِ ہستی سے مٹانے جیسا ہی کیوں نہ ہو۔کچھ ایسا ہی معاملہ پچھلے ساڑھے سات دہائیوں سے فلسطینیوں اور گزشتہ سات برس سے بھارتی مسلمانوں کو درپیش ہے۔مگر پہلے فلسطین۔

چونکہ اسرائیلی آئین کے مطابق ملک کے اصل باشندے اہلِ یہود ہیں۔اسرائیلی درسی کتابوں کے مطابق فلسطینی باشندے معلوم نہیں کہاں سے آن کے یہاں بس گئے۔لیکن اب اسرائیل اتنا بھی ظالم نہیں کہ اس بوجھ کو یوں ہلکا کرے جیسے ہٹلر نے گیس چیمبرز کے ذریعے کیا تھا۔یہ جدید دور ہے اور اس میں کسی بھی قوم یا فرد کی عزتِ نفس مسلسل کچل کے انھیں نیم انسان کے درجے تک پہنچانے کے موثر طریقے موجود ہیں۔گویا کام بھی اتر جائے اور الزام بھی سر پے نہ آئے۔

مگر فلسطینی بھی بلا کے ڈھیٹ ہیں۔انھیں آپ جیسے چاہو رکھو ، ربڑ کی گولیوں سے مارو کہ اصلی گولی سینے میں اتارو۔ان کے پانچ برس کے بچے کا تاک کے بھیجا اڑا دو یا بمباری کر کے پنگھوڑے سمیت ان کی نوزائیدہ نسل بھسم کر دو۔انھیں آبائی گھروں سے نکال کر کسی بھی پشمل جھٹک الزام میں عدالت کا فلمی سیٹ لگا کے جتنی مدت کے لیے چاہو اندر کر دو ، ان کی عمارتوں پر بلڈوزر چلا دو ، زیتون کے باغات اجاڑ دو ، ان ہی کی زمین یا قبرستان کے اردگرد باڑھ لگا کے یا دروازے پر مسلح سنتری کھڑا کر کے جب چاہے داخلہ بند کر دو۔

ان کے کھیت قومی سلامتی کے نام پر چھین کر راتوں رات بیرونِ فلسطین سے درآمد یہودی آبادکاروں کو لا کر بسا دو ، سو سو گز کے فاصلے پر فوجی چوکیاں بنا کے عورتوں بچوں بوڑھوں جوانوں کو ایک ہی قطار میں تپتے سورج تلے کئی کئی گھنٹے کے لیے کھڑا کر دو۔نہ انھیں تلاشی کی چوکی پر پینے کا پانی دو نہ بیت الخلا کی جگہ اور نہ ہی بیٹھنے کے لیے کوئی سایہ دار بنچ۔ چاہے تو ان کا شناختی کارڈ ضبط کر لو ، منسوخ کر دو ، چاہے تو بحال کردو اور وجہ بتانے کے بھی مکلف نہ ہو۔ اس سب کے باوجود فلسطینی کسی طرح قابو میں آ کے نہیں دے رہے۔

وہ جو کہتے ہیں کہ کچھ کارآمد ہنر سیکھنے کی سب سے اچھی درس گاہ جانی دشمن ہے۔اس اصول کے تحت اسرائیلیوں نے نازیوں سے سیکھا اور فلسطینی اسرائیلیوں سے سیکھ رہے ہیں۔دونوں ایک دوسرے کی کمزوریوں اور طاقت سے اچھے سے واقف ہیں۔تبھی تو صدی بھر سے موت و حیات کا میچ جاری ہے۔تماشائیوں اور کھلاڑی کی نئی نسل نے پرانوں کی جگہ لے لی مگر میچ جاری ہے اور جانے کب تک جاری رہے۔

خدا کی قسم اگر بنی اسرائیل خود کو خدا کی لاڈلی قوم سمجھتے ہیں تو فلسطینی بھی خدا کا بنایا سب سے ہٹیلا اور ضدی گروہ ہے۔اور خدا بھی مسلسل دیکھ رہا ہے کہ دیکھیں کون سا گروہ دوسرے کی کمر کب زمین سے لگاتا ہے۔ سنتے ہیں پہلے خدا کسی ایک گروہ کے حق میں براہ راست عذاب یا مدد کے ذریعے مداخلت بھی کرتا تھا۔جب سے انسانوں نے خود کو خدا سمجھنا شروع کیا ہے اصلی خدا بھی اب صرف ان بونے خداؤں کو دلچسپی سے دیکھتا رہتا ہے۔

اس کھیل میں تازہ داؤ یہ کھیلا گیا ہے کہ چار ستمبر کو اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ غربِ اردن میں غیرملکی باشندوں کے داخلے سے متعلق قواعد میں کچھ نئی ترامیم کی ہیں۔غیر ملکیوں کو پہلے بھی غربِ اردن میں داخلے کے لیے حکومتِ اسرائیل کی وزارتِ دفاع سے پروانہِ راہ داری لینا پڑتا تھا۔اب اسرائیلی اہلکاروں کو یہ صوابدیدی اختیار بھی دے دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر ملکی کو پروانے کا اجرا بیس ہزار ڈالر زرِ ضمانت کے عوض جاری کرنے کے مختار ہوں گے۔

غیر ملکی باشندے کو وزارتِ دفاع کے فارم میں یہ بھی لکھنا ہوگا کہ وہ جوڈیا سماریا ( غربِ اردن ) کیوں جانا چاہ رہے ہیں ؟ کام ، ملاقات یا کسی فلسطینی سے محبت یا جذباتی تعلق ؟ اگر وہ کسی فلسطینی شہری سے شادی کر کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے الگ سے رہائشی پرمٹ کی درخواست دینا ہو گی۔یہ پرمٹ سال میں ایک بار ایک ساتھ جاری ہوتے ہیں۔

اس بابت درخواست فلسطینی اتھارٹی کے توسط سے اسرائیلی وزارتِ دفاع کو ارسال کی جاتی ہے۔ وزارتِ دفاع درخواست دہندہ کے کوائف کی فرداً فرداً چھان بین کے بعد فیصلہ دیتی ہے کہ وہ رہائشی پرمٹ کا اہل ہے یا نہیں۔ وزارتِ دفاع درخواست وجہ بتائے بغیر مسترد بھی کر سکتی ہے یا مزید تفصیلاتی تشفی کے لیے واپس فلسطینی اتھارٹی کو بھیج سکتی ہے۔ درخواست مسترد ہونے کی صورت میں نئی درخواست پانچ برس بعد ہی دائر کی جا سکتی ہے۔

پرمٹ دو برس کے لیے جاری ہوتا ہے۔ اسرائیلی حکام سمجھیں کہ پرمٹ سے نتھی شرائط پر پوری طرح عمل نہیں ہو رہا تو اسے کسی بھی وقت منسوخ کیا جا سکتا ہے۔شرائط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اسرائیلی حکام کو یہ اختیار بھی حاصل ہے کہ وہ بتائے گئے رہائشی پتے پر اچانک کسی بھی وقت چھاپہ مار کے تسلی کر سکتے ہیں کہ قانون نہیں توڑا جا رہا۔

ان ترامیم سے قبل اسرائیلی شہریت کے قانون میں یہ تبدیلی کی گئی کہ مقبوضہ علاقوں میں رہنے والا کوئی مرد یا خاتون اسرائیل کے کسی عرب یا یہودی شہری سے شادی کرنے کے باوجود اسرائیلی شہریت سے محروم رہے گا۔البتہ اس شرط سے مقبوضہ مغربی کنارے پر آباد یہودی آباد کار مستثنٰی ہیں۔انھیں اسرائیل اپنی بین الاقوامی حدود سے باہر بسنے کے باوجود مکمل شہری تسلیم کرتا ہے۔

ان امتیازی قوانین کا مقصد فلسطینیوں کو اتنا تنگ کرنا ہے کہ وہ بالاخر بیرونِ ملک چلے جائیں۔ ایسے فلسطینی جوڑوں میں سے شاید ہی کوئی غربِ اردن یا اسرائیل میں بقیہ زندگی گذارنا چاہتا ہو۔اکثر جوڑے اپنی سرزمین چھوڑ جاتے ہیں اور پھر اسرائیلی قوانین کے تحت غیر ملکی قرار پاتے ہیں۔گویا نہ جائے رفتن نہ پائے ماندن۔ اسرائیل کے لیے سب سے سنگین بقائی مسئلہ یہی ہے کہ فلسطینیوں کی بڑھتی آبادی کو کیسے محدود و پابند رکھا جا سکے۔

( میں نے ابتدا میں ذکر کیا تھا کہ جو نسلی و سماجی و سیاسی امتیاز اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کو درپیش ہے۔کم و بیش انھی مسائل کا مودی حکومت کے ہاتھوں بھارتی مسلمانوں کو سامنا ہے۔اس وقت اسرائیل اور بھارت اپنی امتیازی پالیسیوں کے سبب کند ہم جنس باہم جنس پرواز ہیں۔ اگلے مضمون میں اسی پہلو پر بات ہو گی۔

مراکو میں چند دن

جاوید چوہدری

مراکو میں تمام نمازیں دو بار ہوتی ہیں‘ امام صاحب ایک جماعت کے بعد محراب خالی کر دیتے ہیں اور دوسرے امام صاحب آگے بڑھ کر دوسری جماعت شروع کر دیتے ہیں اور جوں ہی یہ نماز مکمل ہوتی ہے انتظامیہ مرکزی دروازے کو تالہ لگا کر مسجد بند کردیتی ہے اور یہ تالہ پھر اگلی نماز کے وقت کھلتا ہے۔

اب سوال یہ ہے مسجدیں بند کیوں کر دی جاتی ہیں؟ جواب بہت دل چسپ ہے‘ مراکش کے لوگ سمجھتے ہیں جو مسلمان نماز کے لیے بھی ٹائم پر مسجد نہیں پہنچتا اس کے لیے مسجد نہیں کھلنی چاہیے‘ وہ جماعت کے بغیر اﷲ کے گھر سے باہر نماز پڑھے‘ مجھے یہ تصور اچھا لگتا ہے اور میں جب بھی مراکو جاتا ہوں کسی نہ کسی امام کا ہاتھ چوم کر اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اسے ٹوٹی پھوٹی زبان میں یہ ضرور کہتا ہوں ’’ہم مسلمان اگر وقت پر نماز بھی نہیں پڑھ سکتے تو پھر ہم اسلام جیسی عظیم نعمت کو ہرگز ڈیزرو نہیں کرتے۔‘‘

میں دو مہینوں سے مسلسل سفر میں ہوں‘ مانچسٹر گیا‘ وہاں سے ترکی کے قدیم شہروںبودرم‘ ایفسس‘ اور کوش تاشی گیا‘ واپس آیا‘ پروگرام کیے اور جنوبی افریقہ نکل گیا‘ دو دن لندن میں رکا‘ واپس آیا‘ پروگرام کیے اور گروپ کے ساتھ مراکو چلا گیا‘ مراکو سے پاکستان واپس آ گیا ہوں‘ ٹی وی شوز کروں گا اور شاید ایک بار پھر اسپین‘ فرانس اور سوئٹزرلینڈ جانا پڑ جائے۔

ہمارے گروپ وہاں جا رہے ہیں‘ اب ایک اور سوال بھی پیدا ہوتا ہے میں اتنا سفر کیوں کرتا ہوں؟ مجھے اتنا وقت اور پیسہ برباد کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ میں ٹانگیں لمبی کر کے اپنے گھر میں پراٹھے اور چکن کڑاہی انجوائے کیوں نہیں کرتا؟ سیدھی بات ہے سفر میرا استاد ہے‘ یہ نہ ہوتا تو میں آج مکمل واہیات بغلول ہوتا اور دوسروں سے پوچھتا ’’پاکستان کا کیا بنے گا؟‘‘ اﷲ تعالیٰ نے رحم کیا اور اس نے اس راستے پر ڈال دیا جو اس کی کائنات کی طرف جاتا ہے اور جس میں علم بھی ہے۔

مشاہدہ بھی‘ سکون بھی اور خوشی بھی‘ میں سفر کا بہت بڑا وکیل بھی ہوں‘ میرا دعویٰ ہے آپ کسی بھی مسئلے کا شکار ہوں‘ رزق کی تنگی ہو‘ علالت ہو‘ ٹینشن ہو‘فیملی لائف ڈسٹرب ہو‘ بچوں کے مسائل ہوں‘ علم کی کمی ہو یا پھر آپ خود کو سماجی لحاظ سے پست سمجھتے ہوں آپ بس سفر پر نکل جائیں‘ ان شاء اﷲ آپ کے مسائل حل ہو جائیں گے‘ آپ نئی زندگی‘نئے آئیڈیاز اور نئی توانائیوں کے ساتھ لوٹیں گے۔

‘ اﷲ تعالیٰ نے ایک لاکھ 24 ہزار انبیاء اتارے‘ یہ تمام سیاح بھی تھے‘ یقین کریں انسان جب تک اپنے کنوئیں سے باہر نہیں آتا اس پر اس وقت تک علم مہربان نہیں ہوتا‘ ہندوستان میں اسلام صوفیاء کرام نے پھیلایا تھا اور صوفیاء کرام بھی سیاح تھے‘ یہ اﷲ تعالیٰ کی زمین سے علم کا رزق چنتے چتنے اچ شریف‘ لاہور‘ دہلی اور اجمیر شریف پہنچے اور وہاں دین کی مشعل جلا دی چناں چہ کہنے کا مطلب یہ ہے آپ سفر کریں‘ آپ کی پوری شخصیت بدل جائے گی۔

ہم 35 لوگوں نے مراکو کا سفر کیا‘ یہ سب ایک دوسرے سے مختلف تھے‘ ان میں خواتین بھی تھیں‘ جوان بھی‘ بزرگ بھی اور علیل بھی‘ ان میں بزنس مین بھی تھے‘ صنعت کار بھی‘ ڈاکٹرز بھی‘ تاجر بھی اورملازمت پیشہ بھی اور ان میں مذہبی بھی تھے اور دنیا دار بھی‘ یہ ہمارا 37واں ٹور تھا‘ ہم نے ان ٹورز کی بنیاد پر کچھ نتائج اخذ کیے ہیں مثلاً ہم پاکستانی پریشان قوم ہیں اور ہمارے پاس ہماری پریشانیوں کی کوئی ٹھوس وجہ موجود نہیں‘ آپ ککھ پتی اور ارب پتی دونوں کو اکٹھا بٹھا دیں آپ کو دونوں کے چہروں پر پریشانی اور اسٹریس دکھائی دے گا۔

ہم لوگ سب کچھ ہوتے ہوئے بھی کیوں پریشان ہیں؟شاید شکر کی کمی‘ ایکسرسائز اور بلا ضرورت مقابلے نے ہمیں پریشان قوم بنا دیا ہے‘ دوسرا ہم دوسروں کے ساتھ گھلنے ملنے میں بھی صدیاں لگا دیتے ہیں اور یہ ہمارے اسٹریس کی بڑی وجہ ہے‘ گروپ کے شروع میں زیادہ تر لوگ ایک دوسرے سے کھچے رہتے ہیں لیکن پھر ایک دوسرے سے گھلتے ملتے ہیں اور تیسرے دن ان کے چہروں سے اسٹریس غائب ہو جاتا ہے۔

مائینڈ چینجر میں ہر ہفتے اسٹریس مینجمنٹ کے لیے درجنوں لوگ آتے ہیں اور میں ان سے صرف ایک سوال پوچھتا ہوں‘ آپ نے آخری مرتبہ نیا دوست کب بنایا تھا؟ سو فیصد لوگوں کا جواب ہوتا ہے دس پندرہ برس قبل اور میں انھیں ایک فقرے میں علاج بتادیتا ہوں‘ آپ لوگوں سے دور ہیں۔

اس لیے اسٹریس میں ہیں‘ آپ نئے لوگوں سے ملتے رہا کریں‘ آپ کو خوشی مل جائے گی‘ ہمارے گروپوں میں بھی لوگ لوگوں سے مل کر خوش ہو جاتے ہیں اور چند ماہ بعد ایک دوسرے کے رشتے دار بن جاتے ہیں‘ تیسری چیز ہم سماجی لحاظ سے دنیا سے بہت پیچھے ہیں‘ ہمیں آج تک قطار میں کھڑے ہونے‘ منہ اور ہاتھ دھونے‘ کھانا کھانے‘ دوسروں سے مخاطب ہونے اور واش رومز استعمال کرنے کا طریقہ نہیں آیا لہٰذا ہمیں من حیث القوم بیسک ٹریننگ کی ضرورت ہے‘ چوتھی چیز ہم نئی چیزوں‘نئے کھانوں‘ نئے کپڑوں اور نئی زبانوں کو ٹرائی کرنے میں بہت کم زور ہیں۔

ہمارے زیادہ تر لوگ مراکش‘ ترکی‘ اردن‘ شام‘ عراق اور ایران میں بھی بریانی‘ چکن کڑاہی اور چپاتی مانگتے ہیں‘ یہ مقامی کھانے اور مقامی کپڑے ٹرائی نہیں کرتے جب کہ دنیا بھر کے لوگ مقامی کھانے‘ کلچر‘ زبان اور کپڑے ٹرائی کرتے ہیں اور خوش ہوتے ہیں‘ پانچویں چیز ہم ہر چیز کوگھورتے بہت زیادہ ہیں بالخصوص خواتین اور بچوں کے بارے میں ہمارا رویہ واہیات لیول تک چلا جاتا ہے چناں چہ لوگ ہمیں مڑ مڑ کر دیکھنا شروع کر دیتے ہیں۔

چھٹی چیز ہم بہت اونچی آواز میں بات کرتے ہیں‘ ہماری سرگوشی بھی دائیں بائیں موجود لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیتی ہے‘ ساتویں چیز اﷲ تعالیٰ جب ہمیں خوش حال بنا دیتا ہے تو بھی ہم کنجوسی نہیں چھوڑتے‘ مجھے بعض اوقات محسوس ہوتا ہے ہم اپنے اوپر پیسہ خرچ کرنا شاید حرام سمجھتے ہیں اور ہم کسی دوسری دنیا کے لیے کماتے چلے جارہے ہیں۔

مجھے اپنے زیادہ تر لوگ ایسے کھلاڑی محسوس ہوتے ہیں جو میچ ختم ہونے کے بعد بھی کھیلتے رہتے ہیں اور کھیلتے کھیلتے دم توڑ جاتے ہیں‘ ہمیں شاید آج تک کسی نے نہیں بتایا ہمیں کتنی دولت چاہیے اور زندگی کے کس موڑ پر پہنچ کر ہمیں کام بند کر دینا چاہیے اور آٹھویں چیز ہم سنتے نہیں ہیں اور اگر سنتے ہیں تو سمجھنے کے لیے تیار نہیں ہوتے‘ ہم سوال کرتے ہوئے بھی شرماتے ہیں اور اگر سوال کریں گے تو بھی سرگوشی میں اور دائیں دیکھ کر کان میں پوچھیں گے۔

ہمارا گروپ مراکو میں کاسابلانکا‘ مراکش‘ فاس (فیص)‘ شفشان‘ طنجہ اور رباط گیا‘ یہ مراکو میں میرا چھٹا وزٹ تھا‘ میں 2007میں پہلی بار مراکش آیا تھا‘ میں نے ان 15 برسوں میں مراکو میں بے شمار تبدیلیاں دیکھیں‘ پہلی تبدیلی سیاحتی انڈسٹری میں مسلسل اضافہ ہے۔

دنیا جہاں سے ہر سال دو کروڑ لوگ مراکو آتے ہیں‘ یورپ سے روزانہ سو سے زائد فلائیٹس آتی ہیں‘ آپ کسی شہر میں نکل جائیں آپ کو وہاں گورے گھومتے نظر آئیں گے‘ مراکو اسلامی ملک ہے‘ مسجدیں اور مدرسے آباد ہیں‘ خواتین برقعوں میں بھی دکھائی دیتی ہیں اور حجاب میں بھی لیکن اس کے باوجود یورپ سے کروڑوں لوگ آتے ہیں‘ کیوں؟ کیوں کہ مراکشی لوگ سیاحوں کی قدر کرتے ہیں‘ انھیں تنگ نہیں کرتے‘ سوسائٹی مذہبی ہونے کے باوجود لبرل ہے‘ خواتین موبائل فون سے قرآن مجید سنتی رہتی ہیں اور جہاں میوزک بجتا ہے۔

یہ وہاں ناچ بھی لیتی ہیں‘ امام اور علماء کرام تک ثقافتی ناچ کے ایکسپرٹ ہیں‘ مساجد اور شراب خانے دونوںآباد ہیں‘ حمام‘ مساج اور ریستوران پورے ملک میں عام ہیں‘ مراکشی کھانے بہت لذیذ اور صحت بخش ہوتے ہیں‘ لوگ مہمان نواز اور ویل کمنگ ہیں‘ سیاحوں کی سیفٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ سیاح اگر پولیس بلائے تو مقامی لوگوں کے لیے جان چھڑانا مشکل ہو جائے گا۔

مراکو کے گھر بہت شان دار اور خوب صورت ہوتے ہیں‘ یہ گھر کو ریاد کہتے ہیں‘ ان کے گھر باہر سے عام اور بے توجہ سے محسوس ہوتے ہیں‘ دروازہ بھی چھوٹا اور غریبانہ ہوتا ہے لیکن آپ جوں ہی اندرداخل ہوتے ہیں تو آپ کے منہ سے بے اختیار واہ نکل جاتا ہے‘ یہ لوگ صحن میں انگور‘مالٹے اور انار کے پودے لگاتے ہیں‘ پودوں کے درمیان میںفوارہ ہوتا ہے اور گھر کی تمام کھڑکیاں اور دروازے صحن میں کھلتے ہیں‘ یہ آرکی ٹیکچر مراکو سے اسپین اورا سپین سے اٹلی گیا‘ مسجدوں کے مینار چوکور ہوتے ہیں اور صحنوں میں فوارے ہوتے ہیں‘ عمارتوں میں نیلے اور سفید رنگ کے موزیک لگائے جاتے ہیں۔

پورے مراکو میں سفید اورنیلا رنگ ڈامی نیٹ کرتا ہے تاہم مراکش شہر پنک ہے‘ اس کی تمام عمارتیں نارنجی کلر کی ہیں‘ ملک میں ہزاروں کی تعداد میں ہوٹل‘ گیسٹ ہاؤسز اور ریسٹ ہاؤسز ہیں‘ صحارا ان کا صحرائی علاقہ ہے‘ اس میں بھی ٹینٹ سٹی آباد ہیں‘ خواتین خوب صورت‘ صفائی پسند اور سلیقہ شعار ہیں‘ یہ خاوند کی بادشاہ کی طرح خدمت کرتی ہیں چناں چہ مرد دائیں بائیں دیکھنے کی بھی غلطی نہیں کرتے‘ خواتین ہر شعبے میں نظر آتی ہیں یہاں تک کہ مسجدوں کی صفائی کا کام بھی عورتیں سرانجام دیتی ہیں۔

لوگ شام کے وقت تیار ہو کر صاف ستھرے کپڑے پہن کر خاندان کے ساتھ باہر نکل جاتے ہیں‘ کھاتے پیتے ہیں اور پھر رات گئے واپس آتے ہیں‘ مساج اور اسٹیم باتھ عبادت کی حیثیت رکھتا ہے اور آپ اگر غلطی سے کسی سے راستہ پوچھ لیں تو وہ دس منٹ آپ کا حال اور احوال پوچھے گا‘ پھر آپ اور آپ کے خاندان کو ڈھیروں دعائیں دے گا اور آخر میں بڑی عاجزی سے جواب دے گا معاف کرنا میں اس کے بارے میں کچھ نہیں جانتا۔

تازہ ترین

 

خاتون ایڈیشنل سیشن جج دھمکی کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

سچا دوست وہ جو مصیبت میں کام آئے، چین کا پاکستان کو پیغام

سائفر کے معاملے پر ن لیگ کا پی ٹی آئی کے خلاف سخت ردعمل کا فیصلہ

پی ٹی آئی وزیراعظم ہاؤس کی آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلیے سپریم کورٹ پہنچ گئی

توہین آمیز کیس: عمران خان کا بیان حلفی جمع، آئندہ ایسے بیانات نہ دینے کی یقین دہانی

سیلاب کی تباہ کاریاں؛ اقوام متحدہ سے مزید 60 کروڑ ڈالر امداد کی درخواست کا فیصلہ

سائفر آڈیو لیکس: حکومت کا عمران خان کیخلاف آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ

روس نے یوکرین کے4 علاقوں سے الحاق کیخلاف قرارداد ویٹو کردی

ن لیگ کا اہم اجلاس، سائفر کے معاملے اور نواز شریف کی واپسی پر غور

ٹرمپ کے گھرسے دستاویزات برآمد کیے گئے، بنی گالا میں بھی چھاپہ پڑنا چاہیے: مریم نواز

بھارت میں پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ایک بار پھر غیر فعال

دہشتگردوں کا حملہ، امن مشن کانگو میں تعینات پاکستانی جوان شہید

امریکا نے ایران کے ساتھ خرید و فروش کے معاملے پر بھارتی کمپنی پر پابندی عائد کر دی

مسٹر پیوٹن آپ ہمیں ڈرا نہیں سکتے، جوبائیڈن کی روسی صدر کو پھر وارننگ

پی ٹی آئی کے زیر انتظام 12ربیع الاول کو رحمت اللعالمین کانفرنس ہوگی

طالبان نے پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین کے استعمال کو بغاوت قرار دے دیا


زاہدان میں دہشتگردی، سپاہ پاسداران کے کمانڈر شہید

سیاسیات ۔ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان ک مرکزی شہر زاہدان میں کل نماز جمعہ کے بعد مسجد مکی کے قریب دہشتگردوں اور شرپسندوں کی فائرنگ سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے انٹیلی جنس کے صوبائی کمانڈر سید علی موسوی شہید ہوگئے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی سلمان ونگ نے ایک بیان میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے سپاہ سلمان کے جوانوں کی شہادت پر سخت رد عمل کا اظہار اور کل کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں، شرپسندوں، تفرقہ پھیلانے والے ایجنٹوں اور آلہ کاروں کو دندان شکن جواب دیا جائیگا۔


سپاہ سلمان کے بیان میں آیا ہے کہ کل زاہدان میں نماز جمعہ کے بعد عالمی سامراج سے وابستہ عناصر اور جیش الظلم کے مسلح دہشتگردوں نے کئی تھانوں اور سیکیورٹی کے اداروں پر حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ کی اور سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں، جس کے نتیجے میں کئی عام شہری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان زخمی اور کئی دہشتگرد اورشرپسند عناصر ہلاک ہوئے۔ عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں 19 افراد مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔